ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو کلین سوئپ کیا،تیسرے ٹی 20میں بھی شکست دی

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو کلین سوئپ کیا،تیسرے ٹی 20میں بھی شکست دی

Wed, 28 Sep 2016 17:06:24  SO Admin   S.O. News Service

ابوظہبی،28ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ میں 8وکٹوں سے ہرا دیا۔ میچ جیتنے کے ساتھ ہی پاکستان، ویسٹ انڈیز کو وائٹ واش کرنے میں بھی کامیاب ہوگیا۔ میچ میں ٹاس پاکستان نے جیتا اور ویسٹ انڈیز کو پہلے بیٹنگ کرائی۔ ویسٹ انڈیز کی اننگز میں پاکستانی بالرز کا پلا بھاری رہا۔ انہوں نے مخالف ٹیم کو 20اوور میں بڑا اسکور نہیں کرنے دیا۔ وہ 5 وکٹوں کے نقصان پر 103رنز ہی بنا سکی۔ویسٹ انڈیز کی طرف سے اپنی باری کا آغاز جانسن چارلس اور آندرے فلیچر نے کیا۔ لیکن دونوں کو ہی زیادہ کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں مل سکا۔ چارلس صرف 5رنز پر پویلین لوٹے، جبکہ ان کی جگہ آنے والے والٹن تو اگلی ہی گیند پر واپس ہولئے۔ادھر فلیچر بھی 9رنز ہی بنا سکے۔ اسی طرح سیمول نے 42، براوو نے 11اور پورن نے 16رنز بنائے۔ سیمول اور پولارڈ آوٹ نہیں ہوئے جبکہ پولارڈ نے بھی 16ہی رنز بنائے تھے۔جوابی اننگز میں شرجیل خان نے 11رنز بنائے جبکہ اور خالد لطیف 21رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ شعیب ملک اور بابر اعظم نے شاندار پرفارمنس دی۔ میچ جیتنے میں شعیب ملک کے 43اور بابر اعظم کے 27رنز نے اہم کردار ادا کیا۔ اس طرح پاکستان نے صرف دو وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔پاکستان کی طرف سے عماد وسیم نے 3اور محمد نواز نے ایک وکٹ حاصل کی جبکہ پاکستان کے دونوں وکٹس ویلمز نے حاصل کئے۔پاکستان نے پہلے ٹی 20 میچ میں ویسٹ انڈیز کو 9اور دوسرے میچ میں 16رنز سے شکست دی تھی۔


Share: